Tuesday, August 16, 2022

دسترخوان کا بچوں کی تربیت میں اہم کردار


       *┄┅•••••⊰✿🍀✿⊱••••۔

 *دسترخوان کا بچوں کی تربیت میں اہم کردار* 

کھانا دم پر ہو اور بھوک سے دم نکل رہا ہو تو اکثر گھروں میں کیا سننے کو ملتا ہے؟ ارے بھئی جلدی کھانا نکالو، آج کیا بنایا ہے؟ خوشبو تو بڑی اچھی آ رہی ہے، ارے یہ کیا بنادیا بولا بھی تھا کہ۔۔۔۔ لیکن اب ایسی ساری باتوں کو خدا حافظ کہہ دیں پھر یہ کریں۔

کھانے تیار ہونے کے بالکل نزدیک ہو تو بچے/بچوں سے کہیں کہ دسترخوان لائیں اور ایک کنارے سے دسترخوان خود پکڑیں باقی کنارے بچوں سے پکڑنے کا کہہ کر سیدھے انداز میں دسترخوان بچھائیں، سلوٹیں کیسے دور کی جاتی ہیں خود کر کے بچوں کو دکھائیں۔

دسترخوان پر کھانے کے لیئے استعمال ہونے والے برتن دسترخوان پر لا کر رکھنے کے لئے بچوں کو اپنے ساتھ کچن میں لے جائیں، انہیں دکھائیں کہ برتن کس طرح پکڑنا ہے، کس ترتیب سے لا کر رکھنے ہیں۔

ڈائننگ ٹیبل ہو یا فرشی دسترخوان، کیسے بیٹھنا ہے انہیں اسی طرح بیٹھ کر بتائیں، کھانے کی دعا ایک دو بار خود بلند آواز میں پڑھیں پھر کسی بچے کو نامزد کردیں کہ آئیندہ سے وہ دعا پڑھوائے اسی طرح برتن دسترخوان پر لا کر رکھنے کی باری طے کی جاسکتی ہے۔

کھانہ سامنے آ جائے تو بچوں کو ایثار، پہلے دوسرے اور ساتھ ہی آداب میزبانی سکھانے کے لئے جھٹ سے کھانا اپنی پلیٹ میں نکالنے کی بجائے اپنے ہاتھ سے بچے کی پلیٹ میں ڈالیں، آخر میں اپنی پلیٹ میں نکالیں۔

بچے کو ایثار سکھانا چاہتے ہیں تو بوٹی یا کوئی پسندیدہ چیز  اپنی پلیٹ میں سے نکال کر بچے کی پلیٹ میں رکھ دیں، کھانا کم ہو اور لوگ زیادہ، ایسے میں کبھی اپنے حصے کے نوالے کم کر کے، کبھی زبانی ضرورت اور خواہش کی قربانی کے بارے میں ہلکے پھلکے انداز میں بتائیں۔

نوالہ کتنا بڑا ہو، کیسے چبانا ہے؟ اس کا باقاعدہ ڈیمو دکھائیں، دسترخوان پر یوں ہی الل ٹپ کسی بھی موضوع پر بات کے بجائے کوئی بات سمجھانے بتانے کے لیے پہلے سے ٹاپک سوچ کر ذہن بنالیں اور صرف اپنی کہے جانے کے بجائے بچوں کی رائے سننے اور سمجھنے کی کوشش ہو تو اچھا ہے۔

بچے کو برداشت سکھانا چاہ رہے ہیں تو کھانا پسند کا نہ ہو یا ذائقہ مطلب کا نہ ہو منہ بنائے بغیر کھانے کا ڈیمو دیں ساتھ ہی زبانی بھی بتائیں کہ کھانے پسند نہ آئے تو تنقید اور تبصرے کے بجائے خاموشی اچھی ہے۔

کھانا مکمل ہوگیا، اب برتن سمیٹنے، ہر چیز واپس اپنی جگہ پہ رکھنے کا کام خود شروع کریں ساتھ ساتھ بچوں سے بھی کروائیں، اب چلتے چلتے یہ بات گرہ سے باندھ لیں دسترخوان لرننگ پراسس میں صرف چند دن کی ایکسرسائز سے یا بے دلی سے محض رسم پوری کرنے والے رویہ کچھ نہیں کچھ بھی نہیں ہوگا اس کے لیے مناسب عرصہ لگ کر، جم کر دلچسپی سے کام کرنا ہوگا.....

التماسِ دعا:
اَلَّهُمَّ صَلِ عَلَى ُمُحَمَّدٍ ُّوعَلَى اَلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى اِبْرَاهِيْمَ وَعَلَى اَلِ ابْرَاهِيْمَ اِنَّكَ حَمِيْد مَجِيِد۔ 
اَلَّهُمَّ بَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وعَلَى اَلِ مُحَمّدٍ كَمَابَارَكْتَ عَلَى اِبْرَاهِيْمَ وَعَلَى اَلِ اِبْرَاهِيْمَ اِنَّكَ حَمِيْد مَّجِيد..... کے

No comments: